اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)بھارت کی آبی جارحیت اور معروف پاکستانی صحافی مبشر لقمان کا یوٹیوب چینل بھارت میں بند کیے جانے کے خلاف اوچ شریف میں ایک ولولہ انگیز اور تاریخ ساز احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے دشمن کو دوٹوک اور واضح پیغام دے دیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، صحافتی آزادی اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کرے گی۔

یہ عظیم الشان احتجاجی ریلی سوشل سول سوسائٹی اوچ شریف کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے کی۔ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور میونسپل کمیٹی سے الشمس چوک تک مارچ کیا۔ شرکاء کے ہاتھوں میں قومی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر بھارت کی آبی دہشت گردی اور آزادی صحافت پر حملوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ الشمس چوک "انڈیا مردہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔

ریلی کے اختتام پر ایم پی اے مخدوم عامر علی شاہ نے بھارتی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی آبی جارحیت یا معلوماتی جنگ کا بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا: "ہم اپنی سرزمین، اپنے پانی اور اپنے میڈیا کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر دشمن نے جارحیت کی، تو ایسا منہ توڑ جواب دیں گے جو تاریخ یاد رکھے گی۔”

اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت نے سینئر صحافی مبشر لقمان کا یوٹیوب چینل بھارت میں بلاک کر دیا ہے، صرف اس لیے کہ انہوں نے اپنے پروگرام "کھرا سچ” میں بھارت کے زیرِ اثر پہلگام واقعے کو "ڈرامہ” قرار دیا تھا اور مودی سرکار پر تنقید کی تھی۔

صحافیوں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے اپنے مشترکہ بیان میں بھارتی حکومت کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو دبانے کی یہ کوشش آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے، جسے پاکستان کا ہر شہری مسترد کرتا ہے۔ مقررین میں سید عادل شاہ، جام آصف جھبیل، راؤ فاروق، اکمل کاکھی، غلام یاسین سومرو، بابر علی صدیقی، حبیب خان، اظہر دانش، ذیشان مستوی اور دیگر نے خطاب کیا۔

یاد رہے کہ سینئر صحافی مبشر لقمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ "اگر سچ بولنے کی سزا چینل بند کرنا ہے تو یہ ہمیں قبول ہے، ہم پاکستان کے دفاع اور وقار کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار کے جھوٹ اور ڈرامے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور بھارت، کشمیر میں ظلم و ستم سے نظریں ہٹا کر پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔

ریلی کے آخر میں وطن عزیز کی سلامتی، افواج پاکستان کی کامیابی اور دشمن کی بربادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ عوام نے اتحاد، نظم اور حب الوطنی سے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم آج بھی دشمن کے ہر محاذ پر متحد، بیدار اور پرعزم کھڑی ہے۔

Shares: