امریکی ایئرلائنز کی نیویارک جانے والی پرواز میں اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک خاتون مسافر نے کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح عملے کے ارکان نے خاتون کو قابو میں کر کے زمین پر گرا دیا۔

یہ واقعہ برازیل کے ساؤ پالو ایئرپورٹ پر پیش آیا، جب بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارہ پرواز کے لیے تیار تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاک پٹ کا دروازہ کھلا ہوا ہے اور عملے کے ارکان اسے بند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔متاثرہ خاتون، جو فرسٹ کلاس کی مسافر تھیں اور بظاہر خوش لباس دکھائی دے رہی تھیں، نے ایک فلائٹ اٹینڈنٹ سے تلخ کلامی شروع کر دی۔ ویڈیو میں عملے کے رکن کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے: "نکل جاؤ، نکل جاؤ!” – اسی دوران دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس کے دوران خاتون کو زمین پر گرا دیا گیا۔بعد ازاں ایک اور فلائٹ اٹینڈنٹ نے خاتون کو قابو میں کیا اور انہیں واپس فرسٹ کلاس کی نشست پر بٹھایا گیا۔ اسی لمحے ایک اور مسافر غصے سے کھڑا ہوا اور خاتون پر چیخنے لگا، جس پر عملے کو مداخلت کر کے صورتحال کو قابو میں لانا پڑا۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جھگڑا خاتون کی جانب سے پرواز کی تاخیر پر شکایت کرنے کے بعد شروع ہوا۔

پرواز نمبر AA950، جو ساؤ پالو سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی (JFK) ایئرپورٹ جا رہی تھی، عملے نے صورت حال کو دیکھتے ہوئے طیارے کو دوبارہ بورڈنگ گیٹ پر واپس لے جانے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں دونوں مسافروں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ FlightAware کے مطابق اس ہنگامہ خیز واقعے کی وجہ سے پرواز میں دو گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی۔

ویڈیو منگل کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس نے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں مسافروں پر کوئی قانونی چارہ جوئی کی گئی یا نہیں۔ساؤ پالو پولیس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

امریکی ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا”جمعرات، 24 اپریل کو، امریکی ایئرلائنز کی پرواز 950، جو ساؤ پالو (GRU) سے نیویارک (JFK) جا رہی تھی، پرواز سے قبل بورڈنگ گیٹ پر واپس لوٹ آئی کیونکہ طیارے میں ایک سیکیورٹی مسئلہ پیش آیا۔ ہمارے مسافروں اور ملازمین کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم تمام مسافروں کی سمجھ بوجھ کے شکر گزار ہیں۔”بیان میں مزید کہا گیا کہ طیارہ بعد ازاں رات 12:55 بجے دوبارہ روانہ ہو گیا۔

Shares: