خواتین،اوورسیز سمیت ایک لاکھ رجسٹریشن مکمل،خالدمسعود سندھو کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا "صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ” پروگرام یکم مئی سے شروع ہو گا ،تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں. ملک بھر میں آن لائن ڈیجیٹل کورس کروائے جائیں گے،یکم مئی سے دس مئی تک روزانہ رات نو بجے سے 11 بجے تک کلاسز ہوں گی. حاضری یقینی بنانے والے شرکا کو سرٹفکیٹ دیئے جائیں گے، "صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ” پروگرام میں اب تک ایک لاکھ شہری ملک بھر سے رجسٹریشن کروا چکے ہیں.
ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے ایک اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈیجیٹل روزگار پروگرام صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ کی تیاریوں کے حوالہ سے جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم، ملک وقاص سعید، زمان سیف، خنیس الرحمان و دیگر نے شرکت کی.اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل روزگار پروگرام کے سلسلہ میں ملک بھر میں ہزاروں کلاس رومز بنائے جا رہے ہیں ،خواتین کی بڑی تعداد نے بھی صلاحیت بڑھاؤ اپنا کماؤ پروگرام میں رجسٹریشن کروائی ہے،ایک لاکھ سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہے جبکہ فری کلاسز میں ملک بھر میں لاکھوں نوجوان ڈیجیٹل روزگار پروگرام کی کلاسز میں شریک ہوں گے. بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی رجسٹریشن کروائی ہے.اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ دس روزہ ڈیجیٹل روزگار پروگرام میں ای کامرس کیا ہے اور کیسے کام کرتی ہے؟،پراڈکٹ ریسرچ اینڈ سورسنگ،شاپیفائی پر آنلائن سٹور کیسے بنایا اور چلایا جاتا ہے؟،ڈیجیٹل مارکیٹنگ،آرڈر مینیجمنٹ اینڈ پارسلز ڈیلیوری سسٹم وغیرہ پڑھایا جائے گا
اس موقع پر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کا صلاحیت بڑھاؤ ،اپنا کماؤ ڈیجیٹل روز گار پروگرام پاکستانی نوجوانوں میں حقیقی تبدیلی،انقلاب لائے گا، وطن عزیز میں مایوسیاں، انتشار کی سیاست کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے، مرکزی مسلم لیگ نوجوانوں کو ہنر مند بنائے گی، دفاع وطن کے لئے افواج پاکستا ن کے شانہ بشانہ کھڑا کرے گی.