پہلگام فالس فلیگ حملے کے بعد بھارت کا جنگی جنون خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس کے باعث مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے اطراف شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
مستند ذرائع کے مطابق بھارت نے ایل او سی کے ساتھ غیر معمولی فوجی نقل و حرکت شروع کر دی ہے، اور سرحدی دیہات کو خالی کروایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق مودی حکومت پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر نہ صرف کشمیری مسلمانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر رہی ہے بلکہ خطے کا امن بھی داؤ پر لگا دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے اور مودی سرکار کا رویہ مکمل طور پر جارحانہ ہو چکا ہے۔
انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق بھارت کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور اور دندان شکن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔پاکستانی عوام بھی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مادر وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قیمت پر تیار ہیں۔