ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے طلباء نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت منعقدہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ تقسیم کی تقریب میں شاندار شرکت کی، جو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کا مقصد صوبے بھر کے ہونہار طلباء کو تعلیمی میدان میں ان کی نمایاں کارکردگی پر سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب میں بابا گرو نانک یونیورسٹی کے 128 طلباء کو وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپس دیے گئے، جبکہ 59 ہونہار طلباء کو ان کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی پر "ہونہار اسکالرشپ” سے نوازا گیا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں تمام کامیاب طلباء کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو جدید تعلیم اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ خود اعتمادی کے ساتھ کر سکیں۔
بابا گرو نانک یونیورسٹی کے وفد کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کی۔ ان کے ہمراہ رجسٹرار مبشر طارق، سی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے فوکل پرسن سعد اسلم، ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے فوکل پرسن عبدالمصور، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور انتظامی افسران بھی شریک تھے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر سجاد مبین نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات یونیورسٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہیں اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت پنجاب نوجوانوں میں سرمایہ کاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف اپنی تعلیم کو آگے بڑھائیں بلکہ معاشرے کی بہتری میں بھی فعال کردار ادا کریں۔
یہ تقریب بابا گرو نانک یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف تھی، جو مستقبل میں ادارے کی ساکھ اور طلباء کی ترقی کے نئے در وا کرے گی۔








