گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ اروپ پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 25 لاکھ روپے چوری کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ مسرت بی بی کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے چوری شدہ تمام رقم برآمد کر لی گئی۔ بعد ازاں ملزمہ کو جیل روانہ کر دیا گیا۔
سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایات پر ضلع بھر میں چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس پی سول لائن شاہد رشید کی ہدایت اور ڈی ایس پی کینٹ سرفراز احمد رانجھا کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ اروپ انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم نے انتہائی مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس کیس کو حل کیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مسرت بی بی گھروں میں خیرات اور صدیقہ کے بہانے داخل ہو کر الماریوں کے تالے توڑتی اور موقع پاکر نقدی لے کر فرار ہو جاتی تھی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ سابقہ چور بھی ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
عوام نے تھانہ اروپ پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ چور و ڈکیت معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کیس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ایس ایچ او انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی۔








