ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر سعید احمد، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر اور دیگر ریسکیو افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اپریل 2025 کے دوران ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کو مجموعی طور پر 14525 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3371 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان پر 3556 متاثرین کو بروقت ریسکیو سروس فراہم کی گئی۔ ان واقعات میں 763 روڈ ٹریفک حادثات، 2057 میڈیکل کیسز، 134 آتشزدگی، 5 پانی میں ڈوبنے کے واقعات، 72 لڑائی جھگڑے اور 340 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے موسمِ گرما کے دوران ڈوبنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا کہ دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیرنے کی مہارت نہ ہونا، پانی کے بہاؤ اور گہرائی کا غلط اندازہ، پانی میں چھپی خطرناک اشیاء سے لاعلمی، اور غیر سنجیدہ رویہ اکثر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ ایسی صورتوں میں ریسکیو ٹیموں کو کئی کئی دنوں تک تلاش اور بازیابی کے پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے والدین، اساتذہ، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے شعور بیدار کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اپریل میں 1276 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 2194 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 86 افراد جانبر نہ ہو سکے، جب کہ 334 مریضوں کو ضلعی سطح پر سہولیات نہ ہونے کے باعث لاہور اور فیصل آباد منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122 اپنی خدمات بلا تعطل جاری رکھے گی، مگر عوامی تعاون کے بغیر انسانی جانوں کو بچانا ممکن نہیں۔ پانی کے خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں اور بچوں کو خاص طور پر اس سے دور رکھیں۔

Shares: