پاکستان کی وزارت اطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ آج اور کل پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروایا جائے گا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد بھارت کے خیالی دہشت گردی کے کیمپس کے بارے میں پھیلائے گئے من گھڑت پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا ہے۔

وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت مسلسل ایل او سی پر دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کا پروپیگنڈا کرتا آیا ہے، لیکن حقیقت میں ان دعوؤں کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ اس دورے کے دوران میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا جہاں بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے کیمپس کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔وزارت اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کسی بھی طرح کی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا اور نہ ہی وہ دہشت گردانہ اقدامات میں ملوث ہے۔ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ وہ عالمی سطح پر امن کا حامی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ ہے۔

دورے کا مقصد پاکستان کے موقف کو دنیا کے سامنے پیش کرنا اور بھارت کے الزامات کو جھوٹا ثابت کرنا ہے۔ وزارت نے کہا کہ یہ اقدام میڈیا کو حقیقت سے آگاہ کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ بھارت کے غیر حقیقت پر مبنی الزامات کا مقابلہ کیا جا سکے۔پاکستان نے عالمی سطح پر یہ پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے اور اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے۔

Shares: