سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیورو چیف شاہد ریاض) سیالکوٹ پولیس نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے لائی جانے والی منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ لی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فیصل شہزاد کی ہدایات پر صدر سیالکوٹ پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
ایس ایچ او انسپکٹر غازی میاں عبدالرزاق کی سربراہی میں لیڈی پولیس کے ہمراہ محلہ سالو گجر کی رہائشی شمع بی بی کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ کے قبضے سے 27 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس میں 8 کلو افیون، 6 کلو آئس، 6 کلو ہیروئن اور 7 کلو چرس شامل ہیں۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت تین کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، ملزمہ سے منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی 10 لاکھ 42 ہزار روپے کی نقد رقم بھی برآمد کی گئی۔
دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ پشاور سے منشیات لا کر سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتی تھی۔ پولیس کے مطابق، شمع بی بی کے خلاف ماضی میں بھی منشیات فروشی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ اس کامیاب کارروائی سے منشیات کی سپلائی کی ایک بڑی چین کو توڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کارروائیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ کارروائی میں شاندار کارکردگی دکھانے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔
یہ کارروائی سیالکوٹ پولیس کی منشیات کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، جو معاشرے سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔