سیالکوٹ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر مدثر رتو) فائر فائٹرز کے عالمی دن پر ریسکیو 1122 کی فارورڈ اسپورٹس میں فرضی مشق
ریسکیو 1122 نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کی مناسبت سے سیالکوٹ کے فارورڈ اسپورٹس، ساہیوالہ میں ایک فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ یہ مشق ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر فواد شہزاد کی زیر نگرانی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد فیکٹری کے ورکرز اور سٹاف کو ہنگامی حالات جیسے آگ لگنے یا زلزلے سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنا تھا۔
مشق کے دوران ریسکیو ٹیم نے آگ لگنے کی صورتحال میں عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے، بلند عمارتوں سے لوگوں کو نیچے اتارنے، آگ پر فوری قابو پانے، اور زخمیوں کو جلد از جلد ہسپتال منتقل کرنے کے عملی مظاہرے پیش کیے۔ فرضی مشق میں فارورڈ اسپورٹس کی فرسٹ ایڈ اور فائر فائٹر ٹیم نے بھی حصہ لیا، جس کی قیادت سمیر رزاق نے کی، جبکہ مجموعی کمانڈ ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب کے پاس تھی۔ ریسکیو سکاؤٹس نے ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی سربراہی میں فعال کردار ادا کیا۔
مشق کے موقع پر فارورڈ اسپورٹس کے سی ای او خواجہ مسعود، ڈائریکٹر آپریشن میجر شاہد، اور صدر روز ویلفیئر سوشل ورکر اشفاق نذر بھی موجود تھے۔ خواجہ مسعود نے مشق کا جائزہ لیتے ہوئے ریسکیو 1122 کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی مشقیں ہنگامی حالات کے لیے تیاری اور ردعمل کو بہتر بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "اس طرح کی مشقوں کا مقصد ہمیں یہ سکھانا ہے کہ ایمرجنسی میں ہمارا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔” انہوں نے ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122 سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے ویژن کے تحت معاشرے کو محفوظ اور صحت مند بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے فائر فائٹرز حقیقی ہیرو ہیں، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں۔”
تقریب کے اختتام پر ریسکیو 1122 کے شہدا کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یہ مشق نہ صرف تربیتی مقاصد کے لیے اہم تھی بلکہ فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر ان کی خدمات کو سراہنے کا ایک بہترین موقع بھی فراہم کیا۔