مزید دیکھیں

مقبول

گوجرانوالہ: یوم آزادی صحافت پر سیمینار اور ریلی، پیکا ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ

گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): پی ایف یو جے ورکرز کے زیر اہتمام آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گوجرانوالہ پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی۔ اس سیمینار اور ریلی کی قیادت پریس کلب کے صدر حافظ شاہد منیر اور پی ایف یو جے ورکرز کے نائب صدر ملک توصیف احمد نے کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب حافظ شاہد منیر نے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں صحافیوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے بہتر سے بہترین کی جانب جانے کی ان کی جدوجہد میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، لیکن ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے وسیع تر مفاد کے لیے بیوروکریسی سے ان کی ہمیشہ نہیں بن سکی۔

پی ایف یو جے ورکرز کے نائب صدر ملک توصیف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر حکومت صحافیوں پر پیکا کے تحت درج مقدمات اور پابند سلاسل صحافیوں کو رہا کرے، تاکہ آزادی اظہار رائے پر لگی قدغنیں ماضی کا قصہ بن جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیکا کا قانون صحافیوں پر نہیں، بلکہ ملکی دفاعی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں پر لگانا چاہیے۔

حافظ سکندر اعظم نے ملک توصیف احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صحافیوں کے اتحاد پر زور دیا اور پریس کلب اور شعبہ صحافت سے منسلک افراد کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔ سیمینار میں نقابت کے فرائض صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس ورکرز افتخار علی بٹ نے ادا کیے، جبکہ صحافی علی مہدی جھنڈوی نے خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبولؐ اور مولا علی کی منقبت پیش کر کے خوب داد وصول کی۔

سیمینار کے اختتام کے بعد پریس کلب سے جی ٹی روڈ تک ایک ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے "زندہ ہیں صحافی زندہ ہیں” اور "پیکا ایکٹ نامنظور” کے شدید نعرے لگائے۔ ریلی کی حفاظت کے لیے سکیورٹی ادارے اور پولیس کا عملہ بھی تعینات تھا۔ یہ ریلی واپس پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں صدر پریس کلب حافظ شاہد منیر، ملک توصیف احمد (نائب صدر پی ایف یو جے ورکرز)، صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس ورکرز افتخار علی بٹ، ممبر ایف ای سی عشرت الماس چوہدری، چیئرمین ایونٹ کمیٹی جاوید اقبال بھٹی، چیئرمین راہوالی پریس کلب رانا عبدالغفار، ایڈیشنل سیکریٹری حافظ شاہد ملک، سیکریٹری فنانس رانا اظہر، طیب مہر، نوید سہیل، علی مہدی جھنڈوی اور دیگر بھی شریک تھے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں