پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کرنے والا ہندوستان خود تنہا ہوگیا ،صدرمرکزی مسلم لیگ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ممکنہ بھارتی جارحیت کیخلاف قوم متحد و بیدار ہو چکی ہے، کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے پاکستان کے شاہین تیار ہیں اور پاکستان کا ہر جوان خود کو وطن عزیز کے دفاع کے لئے جان قربان کرنا سعادت سمجھتا ہے ،بھارت کا بگلیہار ڈیم کے ذریعے پانی کی 90 فیصد مقدار روکنا صرف سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی، آبی جارحیت ہے،
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پانی زندگی ہے، اور اس پر قبضہ کرنا کسی بھی قوم کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ بھارت کی آبی دہشت گردی ناقابل قبول ہے، بھارت کا اقدام پاکستان کی زراعت پر حملہ اور ایک کھلی آبی جنگ کا اعلان ہے۔ اگر دشمن پانی بند کرے گا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، قوم کو متحد کریں گے، پانی کا حق بزور بازو چھینیں گے،پانی کی جنگ ہمارے وجود کی جنگ ہے، اور ہم اسے ہر حال میں جیتیں گے،
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان تم سندھ طاس معاہدہ ختم کرو ہم شملہ معاہدہ ختم کرینگے ،اگر ہم پرجنگ مسلّط کر دی جائے تو پھر انجام دنیا دیکھے گی، پہلگام فالس فلیگ پر ہندوستان کابیانیہ ختم ہوگیا، پاکستان کے بیانیے کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے،پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کرنے والا ہندوستان خود تنہا ہوگیا ہے،پاکستانی قوم پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خون کا قطرہ قطرہ بہانے کے لیے تیارہے.








