وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انڈیا سے واپس آنے والے پاکستانی مریضوں کے لیے بڑا ریلیف پیکج دیتے ہوئے اُن کے مکمل مفت علاج کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے باعث مشکلات کا شکار ہونے والے شہریوں کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ سرحدی کشیدگی اور سفری پابندیوں کے باعث متعدد پاکستانی شہری جو علاج کے لیے بھارت گئے تھے، وہاں سے بغیر علاج مکمل کرائے وطن واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ ان میں جگر اور گردے کی پیوندکاری، دل کے امراض، کینسر اور دیگر پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا مریض شامل ہیں، جن کا علاج بھارت میں جاری تھا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ ان تمام مریضوں کی فوری نشاندہی کی جائے اور انہیں اعلیٰ معیار کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا”انڈیا سے واپس آنے والے مریضوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا علاج مکمل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ہم ان کے لیے پنجاب کے بہترین اسپتالوں اور ماہر ڈاکٹروں کی خدمات مہیا کریں گے۔”
وزیراعلیٰ نے صحت کے شعبے سے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیں، جو ان مریضوں کی کیفیت کا جائزہ لے کر فوری علاج کے لیے سفارشات پیش کرے۔ اس کے علاوہ، مریضوں کے لیے نفسیاتی معاونت، ادویات اور دیگر سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی تاکہ وہ جسمانی و ذہنی طور پر جلد صحتیاب ہو سکیں۔محکمہ صحت پنجاب نے فوری طور پر مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے اور مختلف اسپتالوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ایسے مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر داخل کریں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔