انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد فسادات میں ملوث 20 افراد کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنا دی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو 6،6 ماہ قیدِ بامشقت اور 50،50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

ان تمام ملزمان نے دورانِ ٹرائل اپنے جرم کا اعتراف کیا اور دفعہ 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے اپنے اقبالی بیانات قلمبند کرائے۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے اپنے بیانات آزاد مرضی سے، بغیر کسی دباؤ یا جبر کے دیے۔

یاد رہے کہ ان تمام ملزمان کو گزشتہ دو سال سے ضمانت پر رہا رکھا گیا تھا، تاہم ٹرائل کے دوران انہوں نے اعترافِ جرم کرلیا جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں سزا دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات قومی سلامتی اور قانون کی عملداری کے خلاف سنگین حملہ تھے، جن میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

Shares: