مزید دیکھیں

مقبول

پاکستان کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دے گا، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

اسلام آباد:قومی اسمبلی نے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے پہلگام واقعے اور پانی کے معاملے کی مذمت کی، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے بار بار آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا، پاکستان سے زیادہ دہشت گردی کے نقصان سے کون واقف ہے۔

پہلگام واقعے پر بحث کرانے کیلئے ایوان میں تحریک پیش کی گئی اور اس دوران قومی اسمبلی میں معمول کی کارروائی معطل کردی گئی یہ تحریک وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے پیش کی، بعد ازاں پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت کے خلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے یہ قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے، پاکستان بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے، پاکستان کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دے گا، پاکستان اپنی خودمختاری کا مکمل دفاع کرے گا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، کشمیری اپنے حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ پاکستان کا معاملہ ہے ہم سب پاکستانی ہیں، ہم اس قرارداد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اگر پاکستان کا پانی روکا گیا تو یہ جنگ کے شروع کرنے کا مترادف ہوگا، پاکستان پر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔