بھارتی "سندور آپریشن” ناکام، پاکستانی فورسز کا مؤثر جواب
تحریر: نصیب شاہ شینواری
بھارت نے پاکستان کے خلاف حالیہ فضائی حملے کو "سندور آپریشن” کا نام دیا، جو رات کی تاریکی میں کیا گیا ایک بزدلانہ حملہ تھا۔ اس کارروائی کا مقصد خطے میں کشیدگی کو بڑھانا اور عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف منفی تاثر اجاگر کرنا تھا۔
ہندو روایات میں "سندور” کو شادی شدہ عورت کی خوش بختی اور وفاداری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ دیوی پاروتی اور ستی کی "شکتی” یعنی نسوانی توانائی کی نمائندگی کرتا ہے۔ روایت کے مطابق شوہر شادی کے روز اپنی بیوی کی مانگ میں پہلی بار سندور بھرتا ہے، جس کے بعد وہ روزانہ اسے لگاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سندور کی رسم پانچ ہزار سال پرانی ہے۔
پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے "سندور آپریشن” کو بھارتی حدود میں ہی ناکام بنا دیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق، پاکستان نے جوابی کارروائی میں دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنایا اور کئی ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا۔ یہ واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بھارت نے "سندور” جیسے مقدس تصور کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر کے خود اپنی ہی اقدار کی پامالی کی، اور پاکستان نے بروقت ردعمل کے ذریعے نہ صرف اس منصوبے کو ناکام بنایا بلکہ خطے میں امن کے دشمنوں کو واضح پیغام بھی دیا۔