سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی سربراہی میں پولیس لائنز کے کانفرنس روم میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاک بھارت حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں بھارتی جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دینے، پاک افواج کے شانہ بشانہ کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا فوری ردعمل دینے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے اجلاس کے دوران اہم تنصیبات کی حفاظت، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ جنگ زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام افسران کو واضح اور مؤثر ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی، چاہے اس کے لیے جانوں کا نذرانہ ہی کیوں نہ دینا پڑے۔

Shares: