ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) پریس کلب ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام صدر شیر افگن بزدار کی قیادت میں "یومِ تشکر” کے عنوان سے پاک فوج کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی صحافیوں، سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاک فوج سے اپنی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "پاک فوج زندہ باد”، "پاکستان کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے” اور "قوم اپنے محافظوں کے ساتھ ہے” جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری اور قومی جذبے سے لبریز مناظر دیکھنے کو ملے۔
صدر پریس کلب شیر افگن بزدار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "یومِ تشکر” منانے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شرکاء نے ریلی کے دوران زوردار نعرے بازی کی اور کہا کہ دشمن عناصر جو پاک فوج کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، اُن کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب قومی اتحاد اور یکجہتی کے لیے ناگزیر ہیں۔