پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزراء اور سیکریٹریز کی مسلسل غیر حاضری پر اسپیکر ملک محمد احمد خان غصے میں آگئے اور ایوان کا اجلاس پندرہ منٹ کے لیے ملتوی کردیا۔

اسپیکر نے چیف سیکرٹری سے ٹیلی فونک رابطے کا فیصلہ بھی کیا اور کہا کہ سیکرٹری اسمبلی آج ہی میری چیف سیکرٹری سے بات کروا ئیں‘ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کو واضح طور پر آگاہ کریں گے کہ وزراء ایوان میں شرکت نہیں کر رہے۔

ایوان میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ کی غیر حاضری پر حکومتی رکن امجد علی جاوید نے توجہ دلائی، جبکہ اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اسلام آباد سے آیا ہوں، لیکن ایوان تو خالی ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ ’پنجاب اسمبلی میں انتہائی شرمناک صورتحال ہے متعلقہ وزراء بھی بتائیں کہ ان کے سیکرٹری ایوان میں آنا کیوں پسند نہیں کرتے، انہوں نے سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت دی کہ وزراء کی عدم شرکت پر باقاعدہ تحریری شکایت درج کرائی جائے۔

یہ صورتحال ایوان کی کارروائی پر سوالیہ نشان بن گئی ہے، جہاں اہم قانون سازی اور عوامی معاملات وزراء اور افسران کی غیر سنجیدگی کی نذر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

Shares: