پشاور (باغی ٹی وی رپورٹ) اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن پشاور اور خانہ فرہنگ ایران کے مابین مذہبی، ثقافتی، تہذیبی اور صحافتی شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ اس موقع پر ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین قمی اور ان کے ترجمان ریاض احمد رضوی نے شرکت کی، جب کہ اباسین ایسوسی ایشن کی نمائندگی صدر ضیاء الحق سرحدی نے کی جو پاک افغان جائنٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر اور سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

ضیاء الحق سرحدی نے ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین قمی کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے صحافیوں اور کالم نگاروں کے درمیان قریبی روابط اور وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 2019ء میں اباسین ایسوسی ایشن کے وفد کو ایران کے قومی دن میں شرکت کی دعوت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان نہ صرف مذہبی بنیادوں پر برادرانہ تعلقات قائم ہیں بلکہ تہذیب و ثقافت کے لحاظ سے بھی دونوں اقوام قریب ہیں۔ اباسین ایسوسی ایشن کو ایک فکری تھنک ٹینک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں شامل کالم نگار قومی سطح پر رائے عامہ سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر حسین قمی نے اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے صحافیوں اور کالم نگاروں کے مابین وفود کے تبادلے سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اباسین ایسوسی ایشن کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اپنی تصنیف "روشنی کے سفیر” بھی تحفے میں پیش کی۔

Shares: