اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل محمد معین وٹو نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، کیونکہ بھارت کے پاس اس پانی کو روک کر ذخیرہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے آبی وسائل پر کوئی بھی اثر ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی، کیونکہ بھارت کے پاس اتنی بڑی صلاحیت نہیں کہ وہ پاکستان کے دریاؤں کے پانی کو روکے،محمد معین وٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام دریاؤں میں اس وقت بھرپور پانی کی موجودگی ہے، اور ملکی آبی وسائل کی حالت مستحکم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی بینک کے صدر نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید کی ہے، جو پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے آبی حقوق کا دفاع کرے گا اور عالمی سطح پر اپنے مؤقف کو اجاگر کرے گا۔سندھ طاس معاہدہ دونوں ممالک کے لیے ایک اہم معاہدہ ہے، جس کے تحت پاکستان کو اپنی آبی ضروریات کے لیے مکمل حقوق حاصل ہیں۔