اسلام آباد ، پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی حالیہ پریس کانفرنس سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی رہی، جس میں پاک فضائیہ، بحریہ اور بری فوج کے اعلیٰ افسران نے بھارت کو واضح اور مؤثر پیغام دیا۔
پریس کانفرنس میں پاک فضائیہ کی نمائندگی ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کی، جبکہ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے بحریہ کے آپریشنز پر روشنی ڈالی۔ ان تینوں افسران کی گفتگو اور اندازِ بیان نے سوشل میڈیا صارفین کو متاثر کیا، اور ان کے بیانات ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے جملے "جواب ایسا ہوگا کہ بھارت یاد رکھے گا” جیسے فقرے وائرل ہو گئے۔ صارفین نے ان کے اعتماد بھرے انداز کو سراہا اور اسے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کا عزم قرار دیا۔ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی جانب سے بھارت کے نقصانات کی تفصیل اور ائیر فورس کی حکمتِ عملی کو بھی خاصی پذیرائی ملی۔ ان کے بتائے گئے "اسکور” یعنی تباہ شدہ اہداف کی تعداد پر میمز اور تجزیے گردش کرتے رہے۔ادھر وائس ایڈمرل راجہ رب نواز کی متوازن اور مدلل گفتگو نے عوام کی توجہ حاصل کی، اور کئی صارفین نے انہیں "خاموش مگر کاری ضرب لگانے والا” قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پروفائلز پر ان کی تصاویر اور بیانات کو اسٹیٹس بنایا۔
پریس کانفرنس کے دوران "آپریشن بُنیان مرصوص” کی تفصیلات بھی شیئر کی گئیں، جس نے بھارت کو سخت پیغام دیا۔ اس آپریشن کے دوران پاکستان نے بھارت کے اندر متعدد اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ اور سورت گڑھ جیسے اہم ائیربیسز، براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر (جی ٹاپ) اور اڑی میں سپلائی ڈپو شامل تھے۔
یاد رہے کہ 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحانہ کارروائی کی کوشش کی۔ تاہم، پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے۔ ان میں ایک جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا، جسے بھارت نے اپنی فضائی قوت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا تھا۔
اس پریس کانفرنس کے بعد ملک بھر میں ایک نیا جذبہ اور اعتماد دیکھنے میں آیا ہے۔ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور عوامی سطح پر مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، اور اسے قومی سلامتی کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔








