اتراکھنڈ کے کیدارناتھ دھام میں ہفتہ کے رو ایک ایئر ایمبولنس ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران توازن بگڑنے کے سبب حادثہ کا شکار ہو گیا۔ تاہم اس حادثے میں سوار تمام افراد محفوظ رہے۔ گڑھوال کمشنر، ونئے شنکر پانڈے کے مطابق، فوری طور پر موقع پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

مقامی اطلاعات کے مطابق، یہ ایئر ایمبولنس رشی کیش ایمس سے کیدارناتھ دھام مریض کو لے جانے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ جیسے ہی ہیلی کاپٹر کیدارناتھ کے ہیلی پیڈ پر لینڈ کرنے والا تھا، اس میں کوئی تکنیکی خرابی آئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کا توازن بگڑ گیا۔ لیکن پائلٹ کی ہوشیاری کی بدولت ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا اور ہیلی کاپٹر سیدھا نیچے اتر آیا۔

حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 2 ڈاکٹر اور 1 پائلٹ سوار تھے۔ ان تینوں افراد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ محفوظ رہے۔ حادثہ تقریباً دوپہر 12 بجے پیش آیا۔ تاہم، ہیلی کاپٹر اس حادثے میں شدید طور پر تباہ ہو گیا۔ گڑھوال ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کیدارناتھ میں ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا ہو۔ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ یہاں اس نوعیت کے حادثات ہو چکے ہیں۔ گزشتہ سال بھی ایک ہیلی کاپٹر کیدارناتھ دھام میں کریش ہوا تھا جس میں 5 افراد کی موت واقع ہو گئی تھی۔

Shares: