باغی ٹی وی (نمائندگان )سبی میں درجہ حرارت 50 ڈگری، لاڑکانہ، نواب شاہ، ڈیرہ غازی خان، اور کندھ کوٹ میں 49 ڈگری ریکارڈ۔ کراچی میں گرمی کی شدت 38 ڈگری محسوس کی گئی۔ ملک بھر میں ہیٹ ویو جاری، گرمی سے بیماریاں بڑھ گئیں۔ کندھ کوٹ میں گرم ہواؤں کے باعث شہری بے حال

تفصیل کے مطابق ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں، سبی میں پارہ 50 ڈگری تک جا پہنچا، کندھ کوٹ میں گرم ہواؤں نے صورتحال مزید سنگین بنا دی.
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کی سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے جب کہ شہریوں کو صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل اور پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔

بلوچستان کا شہر سبی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سب سے گرم مقام رہا، جب کہ تربت میں درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم گرمی کی شدت 49 ڈگری محسوس کی گئی۔ اسی طرح ڈیرہ غازیخان میں 49، لاڑکانہ اور نواب شاہ میں 49، سکھر، دادو اور جیکب آباد میں 48، اور کوئٹہ میں 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، لاہور، فیصل آباد، پشاور اور حیدرآباد میں درجہ حرارت 42 ڈگری رہا لیکن محسوس ہونے والی گرمی 47 ڈگری تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 45 ڈگری کی گرمی 48 جبکہ کراچی میں 34 ڈگری کی گرمی 38 ڈگری محسوس کی گئی۔

گرمی کی اس لہر کے باعث ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں اضافہ ہوا ہے جبکہ گرمی سے لاحق بیماریوں مثلاً ہیٹ اسٹروک، لو لگنے اور پانی کی کمی جیسے مسائل میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

کندھ کوٹ میں صبح 9 بجے سے گرم ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے باعث سورج نے گویا آگ برسانا شروع کر دی۔ پورے شہر میں گرم ہواؤں کا راج ہے اور درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں 24 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع انتظامیہ فوری طور پر شہر کے اہم چوکوں، چوراہوں اور مزدوروں کے مراکز پر ٹھنڈے پانی کے اسٹال قائم کرے تاکہ گرمی سے بے حال شہریوں، مسافروں اور مزدور طبقے کو ریلیف مل سکے۔

Shares: