گورنمنٹ ملی دارالاطفال گرلز ہائی سکول راجگڑھ میں اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات کا انعقاد انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ کیا گیا۔ انتخابات میں معروف صحافی و کالم نگار ممتاز اعوان کی بیٹی، ام حبیبہ، نے صدر کے عہدے پر کامیابی حاصل کی۔
سکول کی پرنسپل ڈاکٹر شوکت اقبال کی زیر نگرانی ہونے والے اس انتخابی عمل میں، طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور شفافیت کے ساتھ ووٹنگ کی۔ انتخابات میں طالبات کی بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش نے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔ام حبیبہ نے صدر کے عہدے کے لیے اپنی انتخابی مہم کو کامیاب بناتے ہوئے بھاری اکثریت سے فتح حاصل کی۔ ان کے کامیاب انتخاب کے بعد سکول میں ایک حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نو منتخب عہدیداران نے حلف اٹھایا۔ اس تقریب میں سکول کی تمام طالبات نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو خوشی کے موقع پر مبارکباد دی۔
حلف برداری کی تقریب میں سکول کی پرنسپل ڈاکٹر شوکت اقبال اور اساتذہ نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پرنسپل ڈاکٹر شوکت اقبال نے اس موقع پر کہا کہ یہ انتخابات طالبات کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہیں اور ان سے یہ توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ اپنے کردار سے سکول کی ترقی میں اہم حصہ ڈالیں گی۔ ام حبیبہ نے صدر کا انتخاب جیتنے پر کہا کہ وہ سکول کی ترقی کے لیے بہترین اقدامات اٹھائیں گی اور طالبات کے مسائل کو ترجیح دیں گی تاکہ سکول کی مجموعی بہتری کی طرف قدم بڑھایا جا سکے،سکول کونسل کی کوشش ہو گی کہ سکول کے تمام معاملات سکول میں ہی حل ہو جائیں اگر معاملات حل نہ ہوئے تو وزیر تعلیم پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خطوط لکھ کر سکول کے مسائل بارے آگاہ کیا جائے گا.