لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی یوٹیوبر جیوتی ملہوترہ دراصل بھارتی خفیہ ایجنسی را کی ایجنٹ نکلی جب کہ بھارت کا کہنا ہے کہ اسے پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ نئی دہلی میں جیوتی ملہوترہ کے قریبی ذرائع نے باغی ٹی وی کو بتایا کہ را کے اہلکار جیوتی کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام سے رابطے بڑھانے کیلئے کہتے تھے۔

بھارتی وزارت داخلہ کےحکام کی طرف سے جیوتی کو پاکستان جانے والے سکھوں اور ہندووں کے جتھوں میں شامل کیا جاتا اور جلد ویزہ کے حصول کے لئے پاکستانی ویزہ حکام کو جیوتی سے فون کروائے جاتے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر ہونے کی وجہ سے ہائی کمیشن کے حکام اسے ترجیحی بنیادوں پر ویزہ جاری کر دیتے۔ معروف یوٹیوبر ہونے کی وجہ سے جیوتی نے پاکستانی حکام سے رابطے اس قدر بڑھا لیے کہ اس کا نام پاکستانی ہائی کمیشن کی تیار کردہ مہمانوں کی لسٹ میں بھی شامل کر لیا گیا اور اسے اہم تقاریب کیلئے دعوت نامہ بھی جاری کیا جاتا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ جیوتی تمام تقاریب میں شامل ہونے سے قبل را کے حکام سے ہدایات لیتی اور تقریبات میں شامل بھارتی مہمانوں کی ویڈیو بناکر را کے اہلکاروں کو فراہم کرتی۔ اس کے علاوہ اہم افراد کی گفتگو بھی ریکارڈ کرکے را کو فراہم کرتی۔ را پاکستانی سفارتخانے کی تقریبات میں شامل ہونے والے مہمانوں کی انکوائری کرنا شروع کردیتی اور ان کو پاکستانی حکام سے رابطوں کی پاداش میں تنگ کیا جاتا۔

یہ بھی معلوم ہوا کہ جیوتی پاکستان کے دورے کے دوران بھارتی ہائی کمیشن کے حکام سے بھی رابطے میں رہتی تھی۔ جیوتی کو فنڈز بھی فراہم کئے جاتے جب کہ جیوتی پاکستان کے مختلف مقامات کی ویڈیو بنا کر را کو فراہم کرتی۔ پاکستان میں قیام کے دوران وہ بڑے ٹی وی چینلز اور اہم اخبارات کے صحافیوں سے روابط بڑھانے کی ماہر تھی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے بھی اس نے ملاقات کی۔ بھارتی حکام نے جیوتی کو چین کو دورہ کرانے میں بھی مدد فراہم کی اور جلد ہی اسے بنگلادیش بھیجے جانے کا بھی پلان تھا۔

بھارتی را کے حکام نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کے لئے پہلگام کا ڈرامہ تیار کیا تو پہلگام حملہ سے قبل را کے اہلکاروں نے منصوبہ بندی کے تحت جیوتی ملہوترہ کو پہلگام کا دورہ کروایا اور اس سے پورے علاقے کی ویڈیو بنوائی جسے سوشل میڈیا پر صرف اس لئے وائرل کیا گیا کہ را کے ساتھ جیوتی کے روابط کا شک نہ کیا جا سکے۔ پہلگام ڈرامے کے بعد را نے جیوتی سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا اور اس پر پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام سے رابطے رکھنے اور انہیں اہم راز فراہم کرنے کا الزام لگادیا گیا۔

اس پر یہ الزام بھی لگایا گیا کہ پہلگام میں اس نے جو ویڈیو بنائی وہ پاکستان کے کہنے پر بنائی اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام کو دی۔ بھارتی حکام نے جیوتی سے رابطے رکھنے کا الزام لگا کر ایک پاکستانی سفارتکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ جیوتی کو اسی سفارتکار سے رابطے رکھنے کا بہانہ بنا کر گرفتار کرلیا گیا تاکہ وہ را کے منصوبوں کو منظرعام پر نہ لا سکے۔ 

Shares: