ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) انجمن خدمتِ خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 753واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال ڈسکہ میں زیر صدارت میاں سعید احمد صراف منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی، جب کہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ انوار احمد سیال نے پیش کی۔
جنرل سیکرٹری محمد انور مغل نے مارچ 2025 کے اجلاس کی کاروائی پیش کی، جسے باقاعدہ توثیق دے دی گئی۔ فنانس سیکرٹری انور احمد سیال نے ماہ مارچ کے مالی گوشوارے پیش کیے جنہیں بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔ شعبہ نشرو اشاعت کی رپورٹ شاہنواز مغل نے پیش کی، جبکہ اجلاس کے دوران سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی بھی تشریف لائے۔
اجلاس میں زچہ بچہ ہسپتال میں جاری لوڈشیڈنگ کے باعث UPS لگانے کے مسئلے پر غور و خوض کیا گیا۔ ممبران نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری حل کا مطالبہ کیا تاکہ مریضوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔
شرکائے اجلاس نے انتظامیہ ڈسکہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ان کاموں کی سست روی کی وجہ سے شہر میں گرد و غبار کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے جس سے دکاندار اور شہری ناک، گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
اجلاس کا اختتام حافظ عبدالغفار کی دعا اور میزبان کی طرف سے پرتکلف تواضع کے ساتھ کیا گیا۔