ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو ایران اس حملے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کو لکھے گئے ایک خط میں واضح کیا کہ صہیونی حکومت کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں امریکی حکومت بھی ملوث سمجھی جائے گی، اور قانونی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔انہوں نے اسرائیل کی ممکنہ کارروائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، اسرائیل ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان انکشافات نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان عمانی ثالثی میں حساس نوعیت کے جوہری مذاکرات جاری ہیں۔12 اپریل سے جاری جوہری مذاکرات، دراصل 2018 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران-عالمی طاقتوں کے معاہدے سے دستبرداری کے بعد پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ ہیں

۔ اب ان مذاکرات کا پانچواں دور عمان میں طے ہے، لیکن اسرائیل کی طرف سے حملے کی دھمکیوں نے مذاکراتی ماحول پر سائے ڈال دیے ہیں۔ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے ترجمان علی محمد نینی نے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فریب زدہ صہیونی حکومت کوئی احمقانہ حرکت کرتی ہے، تو اسے اپنی محدود جغرافیائی حدود میں تباہ کن جواب دیا جائے گا۔

ادھر ایران کے فورڈو جوہری پلانٹ کے قریب سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی جوہری پالیسی کی حمایت کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے "جوہری توانائی ہمارا ناقابل تنسیخ حق ہے اور کوئی سمجھوتہ نہیں، صرف امریکا سے مقابلہ”نعرے لگائے،واضح رہے کہ ماہرین کے مطابق اسرائیل اور ایران کے درمیان یہ کشیدگی غزہ تنازعے کے تناظر میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور پہلی مرتبہ گزشتہ سال دونوں ممالک نے براہ راست حملے بھی کیے تھے۔

ائر وائس مارشل اورنگزیب نے بھارت کو میڈیا وار میں بھی ہرادیا،بھارتی صحافی

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا امریکی صدر ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ

فرانس میں بچوں کا جنسی استحصال ، پادری، پیرامیڈک اور میوزک ٹیچر سمیت 55 افراد گرفتار

پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب،ہم اپنے جوہری نظام پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں

مغرب کو احساس ہو گیا، جس گھوڑے پر داؤ لگایا وہ پاکستان سے ہار گیا،انوار الحق کاکڑ

Shares: