لاہور کے نواحی علاقے رائے ونڈ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک باپ نے اپنی ہی جگر گوشہ 16 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت عمر کے نام سے ہوئی ہے جس نے اپنی کم عمر بیٹی ایمان فاطمہ کو تیز دھار آلے کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ اندوہناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولہ نے اپنی پسند کی شادی کی خواہش کا اظہار کیا، جو مبینہ طور پر ملزم کو گوارا نہ ہوا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، لڑکی کے قتل کی وجہ پسند کی شادی تھی، جسے خاندان میں "غیرت” کا مسئلہ بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، قتل کے بعد سے ملزم عمر موقع سے فرار ہو گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایمان فاطمہ ایک ذہین اور خوش اخلاق طالبہ تھی، اور وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے مثبت خواب رکھتی تھی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا