اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک میں CCD پولیس نے ایک جری اور مؤثر کارروائی کے دوران خطرناک مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو فرار ہو گئے۔ سرکل آفیسر CCD احمد پور انسپکٹر لطیف جھورڑ کی سربراہی میں پولیس گشت پر مامور تھی جب تین مشتبہ مسلح ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اچانک فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے۔ پولیس کی جانب سے فوراً جوابی کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے جدید خودکار اسلحہ، متعدد گولیاں، 1150 روپے نقدی اور ایک CD-70 موٹرسائیکل برآمد کر لی ہے۔ ہلاک ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد RHC اوچ شریف منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل شدہ شواہد فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ آفیسر CCD بہاولپور عرفان اکبر خان نے پولیس کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور فرار ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا تاکہ بہاولپور ریجن کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یہ کارروائی CCD پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت، جرأت اور عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

Shares: