اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے یونین کونسل 95 میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف گھروں کا دورہ کر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کا معائنہ کیا اور ویکسینیشن کے حوالے سے ڈور مارکنگ، فنگر مارکنگ اور ٹیلی شیٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مہم کے مائیکرو پلان، ٹرانزٹ اور فکسڈ پوائنٹس پر بھی ویکسینیشن کی نگرانی کی اور ٹیموں کو ہدایت کی کہ سخت موسم کے باوجود تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ویکسینیشن کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھا جائے تاکہ بچوں کو بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔

چوہدری عبدالجبار گجر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ معاشرے کو اس مہلک مرض سے پاک کیا جا سکے۔

Shares: