عزیز آباد: دو روز قبل عزیز آباد کے ایک شادی ہال میں دلہا اور دلہن کے رشتہ داروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا، جس میں دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی پھینکیں اور ایک دوسرے کو شدید نقصان پہنچایا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ چکی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ابتدا میں دلہا اور دلہن والوں کے رشتہ داروں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی، جو جلد ہی ہاتھا پائی اور ہنگامہ آرائی کی شکل اختیار کر گئی۔ جھگڑے کے دوران دونوں طرف سے شدید قسم کی لڑائی ہوئی اور کئی کرسیاں بھی ایک دوسرے پر پھینکی گئیں۔شادی ہال میں بڑھتے ہوئے انتشار اور تشدد کی وجہ سے انتظامیہ کو پولیس کو فوری طور پر طلب کرنا پڑا۔ تاہم، پولیس کے پہنچنے کے بعد بھی مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور ہاتھا پائی کی، جس کے دوران کانسٹیبل حافظ عثمان زخمی ہو گئے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے نام یونس مسیح، ہیری اور ہیری ولد وکٹر بتائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں، 30 سے 40 نامعلوم افراد کے خلاف بھی عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں تاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

Shares: