پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر پاکستان نے دنیا کو اپنے مؤقف سے آگاہ کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی سفارتی کمیٹی 2 جون کو امریکا کا دورہ کرے گی-
ذرائع کے مطابق وفد کی قیادت سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے، وفد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے خصوصی ملاقات کرے گا، جبکہ واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، امریکی کانگریس کے اراکین، تھنک ٹینکس اور میڈیا سے بھی ملاقاتیں طے کی گئی ہیں۔
پاکستانی وفد ان ملاقاتوں میں خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات، خصوصاً سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور اس کے ممکنہ اثرات پر دنیا کو آگاہ کرے گا اس کے علاوہ پاک بھارت تناؤ پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں عالمی برادری کے سامنے رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس سفارتی سرگرمی کا مقصد بین الاقوامی سطح پر بھارت کی پالیسیوں کے منفی اثرات کو اجاگر کرنا اور عالمی حمایت حاصل کرنا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے حال ہی میں موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں ایک اعلیٰ سطح سفارتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو مختلف ممالک کا اہم دورہ کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائم سفارتی کمیٹی بھارت کے خلاف عالمی محاذ پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔