حافظ آباد (باغی ٹی وی، خبرنگار شمائلہ)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت عامہ کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے حافظ آباد اور اس کے گردونواح میں فوڈ پوائنٹس پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حافظ آباد، سکھیکی سروس ایریا، پنڈی بھٹیاں اور مضافاتی علاقوں میں چھاپے مارے۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ، ملاوٹ سے پاک اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ چھ فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود اور ٹوٹے فریزر، مکھیوں اور چھپکلیوں کی موجودگی، اور غیر محفوظ طریقے سے کھانا رکھنے پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

ٹاہلی گورایہ میں واقع ایک ملک کولیکشن سنٹر سے دودھ کے نمونے فیل ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ موقع سے ممنوعہ اور ایکسپائر اشیاء کی بھاری مقدار تلف کر دی گئی۔ کئی فوڈ پوائنٹس پر ملازمین کے پاس تربیتی اسناد اور ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق، موٹرویز، بس اڈوں، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم مقامات پر واقع فوڈ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جگہ غیر منظور شدہ یا ملاوٹی اشیائے خور و نوش کی فروخت پر سخت پابندی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

Shares: