اوچ شریف، (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے اکبر ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے نے خونی رنگ اختیار کر لیا۔ اپنی روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر ایک مشتعل داماد نے ساتھیوں سمیت سسرالیوں کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس اندوہناک واقعے میں سریے اور لاٹھیوں کے وار سے 20 سالہ برادر نسبتی راشد حسین جاں بحق ہو گیا، جبکہ ساس اور دو دیگر برادر نسبتی شدید زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم وحید حسین نے اپنے ساتھیوں ناظم حسین، خادم حسین، محمد عاشق، جمیل اور محمد حسن کے ہمراہ اپنے سسر قاسم حسین کے گھر پر حملہ کیا۔ گھر میں موجود قاسم حسین کے بیٹوں راشد، نادر اور خادم حسین نے مزاحمت کی کوشش کی، جس پر وحید حسین نے سریے کا وار کر کے راشد کو شدید زخمی کر دیا۔ دیگر ساتھیوں نے بھی لاٹھیوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں نادر اور خادم زخمی ہو گئے، جبکہ نسیم بی بی (ساس) کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر RHC اوچ شریف منتقل کیا گیا، جہاں راشد حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف موقع پر پہنچی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوایا اور پھر ورثا کے حوالے کر دیا۔
متاثرہ خاندان کے سربراہ قاسم حسین کی مدعیت میں تھانہ اوچ شریف میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔








