میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری) دشمنی پر نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کے گھروں پر پولیس کا بڑا ایکشن، گھر مسمار و نذر آتش
گھوٹکی پولیس نے ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز سب ڈویژن میرپور ماتھیلو پولیس نے ڈی ایس پی محمد یونس کی قیادت میں تھانہ خانپور مھر کی حدود سوہانجھڑو میں قتل کیس میں ملوث ملزمان کے خلاف بڑا ایکشن لیا۔
کارروائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے اے پی سی چین کے ساتھ ملزمان شاہی بوزدار، ہولی بوزدار اور دیگر کے گھروں پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے گھروں کو سخت کارروائی کے بعد مسمار کر کے نذر آتش کر دیا گیا۔ تاہم، ملزمان پولیس کے پہنچنے سے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل شاہی بوزدار، ہولی بوزدار و دیگر نے پرانی دشمنی کی بناء پر نوجوان وقار بوزدار ولد اٹکل، عمر تقریباً 22/23 سال کو قتل کر دیا تھا۔
گھوٹکی پولیس کے ترجمان کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے اور جلد تمام عناصر کو قانون کے شکنجے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔