پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور ممبر قومی اسمبلی سحر کامران نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پوری پاکستانی قوم کو اس تاریخی دن کی مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کا فخر اور تحفظ کی علامت ہے۔
سحر کامران نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی خودمختاری اور عزت کی یادگار ہے، جسے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی حکمت عملی اور عزم سے ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے قوم کی عظمت اور سلامتی کے لئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا جو خواب دیکھا تھا، وہ آج حقیقت کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام قائد عوام کی سوچ اور حکمت عملی کا نتیجہ تھا، اور پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ایٹمی قوت ہے۔ سحر کامران نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ ذوالفقار بھٹو کے اس احسان کو یاد رکھے گی جو انہوں نے ملک کی خودمختاری کے لیے کیا۔سحر کامران نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ایٹمی قوت کا دعویٰ بھی کرتا ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آخر میں سحر کامران نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یوم تکبیر کے موقع پر وطن کے اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو مضبوط کرنے کا عزم کرتی ہے اور پارٹی کا ہر نظریہ اور ہر عمل صرف اور صرف پاکستان کی سالمیت اور سلامتی کے لیے وقف ہے۔