ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، افسران، سکھ برادری، اقلیتوں، تاجر تنظیموں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت، سی او ایجوکیشن شازیہ بانو سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اسکول کے بچوں نے وطن سے محبت پر مبنی تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں شرکاء نے سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، مسلسل جدوجہد اور قربانی کے جذبے کا مظہر ہے۔ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کے دفاعی استحکام کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور سائنسدانوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرامن مگر ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یومِ تکبیر قوم کے اتحاد اور قومی سلامتی کے عزم کا دن ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کا مقصد کسی پر حملہ نہیں بلکہ اپنی خودمختاری اور سالمیت کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں معاشی استحکام، سائنسی ترقی اور قومی اتحاد کے سفر کو بھی جاری رکھنا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک یومِ تکبیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت خود ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کی۔ اس ریلی میں ضلعی افسران، سکھ کمیونٹی، علما کرام، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے “افواج پاکستان زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر قومی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔
یومِ تکبیر کی یہ تقریب قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان کی دفاعی خودمختاری کے عزم کی علامت بن گئی۔