سیالکوٹ،ڈسکہ (باغی ٹی وی، بیورورپورٹ +نامہ نگار) ملک بھر کی طرح ڈسکہ شہر میں بھی 28 مئی یومِ تکبیر قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کے کیمپ آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں کیک کاٹا گیا اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں مسلم لیگ ن کے سٹی صدر محمد افضل منشاء، سابق صدر بار عمران بٹ، صدر مرکزی انجمن تاجراں میاں محمد اشرف، سید داؤد بخاری، ڈاکٹر رومان عاشر، لیگی کارکنان، وکلا، تاجر تنظیموں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کہا کہ 28 مئی 1998 وہ دن ہے جب پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں چاغی کے پہاڑوں کو گواہ بنا کر ایٹمی تجربات کیے اور ملک کو ناقابلِ تسخیر دفاعی طاقت بنا دیا۔ مقررین نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بے مثال قیادت اور تکنیکی صلاحیتوں کے بغیر یہ تاریخی کارنامہ ممکن نہ ہوتا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ تکبیر کا پیغام صرف دفاعی خودمختاری تک محدود نہیں بلکہ یہ دن ہمیں قومی اتحاد، ترقی اور قربانی کا سبق بھی دیتا ہے۔ تقریب کا اختتام "پاکستان زندہ باد” اور "افواجِ پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے ہوا۔