اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ سٹی دیپالپور پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے کے لیے استعمال ہونے والا نجی آپریشن تھیٹر بے نقاب کر دیا ہے۔ ایس ایچ او فخر وٹو نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر مرکزی ملزم سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے سازو سامان بھی تحویل میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شہری اپنے مخالفین کو پھنسانے کی نیت سے جھوٹے میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے خودساختہ زخم لگوا رہا ہے۔ ایس ایچ او فخر وٹو نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رتہ کھنہ روڈ پر واقع ایک رہائشی مکان پر قائم جعلی آپریشن تھیٹر پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ندیم خان نے اپنے ڈرائیور کو جان بوجھ کر زخمی کروایا تاکہ سرکاری اسپتال سے جعلی میڈیکل حاصل کیا جا سکے۔ ملزم نے اپنے ڈرائیور کو علاج کے بہانے نجی مقام پر لے جا کر بازو پر گہرا زخم لگایا۔ یہ کام سرکاری اسپتال کے درجہ چہارم ملازم آصف کی مدد سے انجام دیا گیا۔
پولیس نے جعلی آپریشن تھیٹر میں موجود طبی آلات، پٹیاں، سرنجیں اور دیگر مواد قبضے میں لے کر دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او فخر وٹو اور ان کی پوری ٹیم کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ ضلع اوکاڑہ میں محکمہ صحت کے کئی درجہ چہارم ملازمین اپنے طور پر غیر قانونی کلینکس چلا رہے ہیں، جہاں نہ صرف علاج کے نام پر جعلسازی کی جاتی ہے بلکہ قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں۔ اس کارروائی نے ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے، جسے شہریوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔









