سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف: شاہد ریاض) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی بروقت نگرانی، مؤثر حکمت عملی اور ہدایات کی روشنی میں پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، تھانہ کوٹلی سید امیر کی پولیس حراست سے عدالت میں پیشی کے دوران فرار ہونے والا ملزم نسیم اختر دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نسیم اختر، جو مقدمہ نمبر 106/25 بجرم 379 (چوری) اور مقدمہ نمبر 187/25 بجرم 380 (رہائشی یا نجی جگہ سے چوری) میں زیرِ تفتیش تھا، گزشتہ روز عدالت میں پیشی کے دوران پولیس کی گرفت سے فرار ہوگیا تھا۔ واقعہ کے فوری بعد ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فرائض میں غفلت برتنے والے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلیجنس اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے مسلسل چھاپے مارے اور بالآخر فرار ہونے والے ملزم کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم اس وقت پولیس کی حراست میں ہے، اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت قانون سے فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیالکوٹ پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں اور ہر قیمت پر قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔








