لیہ (باغی ٹی وی رپورٹ) یونیورسٹی آف لیہ میں بائیو اور ڈائیگناسٹک لیب کا افتتاح، انفراسٹرکچر کی تکمیل کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا اعلان

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف لیہ میں جدید بائیو اور ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر ابوبکر اور کیمپس انچارج ڈاکٹر محمد علی بزدار بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا، لیبارٹری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تحقیق و تدریس کے معیار کو سراہا۔ انہوں نے شعبے میں تیار کی گئی مختلف سائنسی پروڈکٹس کا مشاہدہ کرتے ہوئے ان کی افادیت کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت پنجاب ان مصنوعات کو بڑے پیمانے پر متعارف کروانے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ یونیورسٹی آف لیہ کے لیے آج کا دن تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی کا ہاسٹل اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر رواں سال کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے یونیورسٹی کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جس سے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات ایک معیاری تعلیمی ماحول میں میسر آئیں گی۔

صوبائی وزیر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر ابوبکر اور کیمپس انچارج ڈاکٹر محمد علی بزدار کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی آف لیہ ترقی کی نئی منازل طے کر رہی ہے، اور ان کی اپنی خدمات بھی ہر وقت ادارے کے لیے دستیاب رہیں گی۔

Shares: