امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا ہے کہ چین انڈو پیسفک خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کے لیے ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، جس سے پورے ایشیا میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے، تاہم امریکا خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں سالانہ سکیورٹی کانفرنس ’شنگریلا ڈائیلاگ‘ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ چین کا خطرہ "حقیقی اور فوری” نوعیت کا ہے، اور بیجنگ نہ صرف تائیوان پر حملے کی صلاحیتیں تیار کر رہا ہے بلکہ اصل کارروائی کی مشقیں بھی کر چکا ہے۔

پیٹ ہیگستھ نے بیجنگ پر الزام لگایا کہ وہ سائبر حملوں، ہمسایہ ممالک کو ہراساں کرنے، اور متنازع جنوبی بحیرہ چین میں زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کر کے انہیں عسکری اڈوں میں تبدیل کر رہا ہے، جو عالمی تجارت اور انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے۔ امریکا خطے میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر چین کی جارحیت کو روکنے کے لیے خود کو دوبارہ منظم کر رہا ہے اور ایشیائی ممالک کو بھی اپنے دفاع کو فوری طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔

چین کا سخت ردعمل: امریکا اشتعال انگیزی کر رہا ہے
ادھر سنگاپور میں چینی سفارت خانے نے پیٹ ہیگستھ کی تقریر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "اشتعال انگیز” قرار دیا اور واشنگٹن پر خطے میں کشیدگی بڑھانے، مسائل پیدا کرنے اور تصادم کو ہوا دینے کا الزام لگایا۔چینی وفد کی قیادت پیپلز لبریشن آرمی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ریئر ایڈمرل ہو گانگ فینگ کر رہے ہیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چند ممالک جان بوجھ کر تقسیم اور تنازع پیدا کر رہے ہیں تاکہ خطے کو غیر مستحکم کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی، سیکیورٹی اور تکنیکی محاذ پر کشیدگی عروج پر ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والی تجارتی جنگ اب جدید ٹیکنالوجی اور خطے میں فوجی اثر و رسوخ کی جنگ میں بدل چکی ہے، جہاں فلپائن، جاپان اور جنوبی کوریا جیسے امریکی اتحادی ممالک کا کردار اہم ہوتا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین اور تائیوان آئندہ برسوں میں امریکا اور چین کے درمیان ممکنہ تنازع کا مرکز بن سکتے ہیں، جس کے اثرات پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔

اسرائیل نے عرب وزرائے خارجہ کا مغربی کنارے کا دورہ روک دیا

پاکستان بھارت جنگ ہوئی تو میرے پاس کچھ نہیں ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ

دبئی میں بھارتی ایونٹ میں شاہد آفریدی کی شرکت پر بھارتی صحافی سیخ پا

مودی حکومت قوم کو گمراہ کر رہی ہے، بھارتی اپوزیشن کی تنقید

Shares: