سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 5 جون کو ضلع سیالکوٹ میں خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی، جن میں شجرکاری مہم، زیرو پلاسٹک آگاہی، سیمینار، واک اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ایکشن پلان کا اعلان شامل ہے۔ ان سرگرمیوں کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا کریں گے۔
ضلع بھر میں قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مؤثر اقدامات پر مبنی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں سیمینار اور واک کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ ڈی سی آفس میں شجرکاری کی جائے گی۔ محمد اقبال سنگھیڑا نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں، صنعتکاروں، شاپنگ مالز، دکانداروں اور مقامی قیادت کے ساتھ مل کر ایک مؤثر ایکشن پلان تیار کریں۔
اجلاس میں اے ڈی سی پلاننگ مظفر مختار، اے سی سیالکوٹ انعم بابر، اے سی ڈسکہ عثمان غنی، اے سی پسرور سدرہ ستار اور ڈی سی ماحولیات جوہر عباس بھی شریک ہوئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ ماحولیات کو فعال بناتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جائیں گی تاکہ پائیدار ترقی اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔
ان اقدامات کا مقصد نہ صرف ماحول کو محفوظ بنانا ہے بلکہ شہریوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا بھی ہے تاکہ معاشرے میں ماحول دوست رویوں کو فروغ حاصل ہو۔