سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں واپڈا کے کینٹ سب ڈویژن پلی توپخانہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں واپڈا اہلکار کی مبینہ بدزبانی، بدکلامی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد ہاتھا پائی کی نوبت آ گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب معروف سینئر صحافی شکیل سیھٹی نے اپنے جائز کام کے حصول کے لیے مبینہ طور پر پیسوں کی ڈیمانڈ پوری نہ کی۔ اس واقعے نے نہ صرف میڈیا حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے بلکہ سائلین نے بھی مذکورہ اہلکار کے متکبرانہ رویے کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، کینٹ سب ڈویژن پلی توپخانہ میں تعینات اسسٹنٹ لائن مین زوہیب نے سینئر صحافی شکیل سیھٹی کو اس بات پر شدید طیش میں آ کر گالم گلوچ اور بدزبانی شروع کر دی کہ ان کی درخواست پر عملدرآمد کرنا واپڈا اہلکار کی ڈیوٹی میں شامل ہے۔ زوہیب نے بدزبانی کے بعد ہاتھا پائی کی کوشش کی اور سینئر صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
موقع پر موجود سائلین کے بیچ بچاؤ کے بعد سینئر صحافی وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ سائلین نے بھی زوہیب نامی اہلکار کے متکبرانہ رویے کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر لوگوں کے ساتھ ایسا ہی ناروا سلوک کرتا ہے۔
اس واقعے کے بعد معروف سینئر صحافی شکیل سیھٹی نے ایس سی واپڈا اور ایس ایچ او کینٹ سے داد رسی کی درخواست کی ہے اور قانون کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا نمائندگان اور میڈیا یونینوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور حکام بالا سے ایسی "کالی بھیڑوں” کو محکمہ سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا برادری نے اپنے صحافی بھائی شکیل سیھٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔