لودھراں (باغی ٹی وی رپورٹ) نواحی علاقہ چک 50ایم میں دکاندار رمضان گاذر کو دکان کے باہر سوئے ہوئے حالت میں نامعلوم ملزمان نے چھرے کے وار کرکے قتل کر دیا۔ رمضان گاذر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ اہل علاقہ کو یہ ہولناک واقعہ اس وقت معلوم ہوا جب ایک شخص نماز فجر کے لیے اسے جگانے پہنچا۔ جائے وقوعہ سے مقتول کا موبائل، پرس اور دکان کی چابیاں چارپائی پر موجود تھیں، جس کی اطلاع گیلےوال پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے، تاہم قتل کی اصل وجہ معلوم نہ ہو سکی۔
مقتول کی لاش 53ایم اسپتال منتقل کی گئی، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد ڈی ایچ کیو لودھراں منتقل کر کے ورثاء کے حوالے کی گئی۔ نماز جنازہ چک نمبر 50 ایم کی عیدگاہ میں ادا کی گئی اور تدفین عمل میں آئی۔ مقتول رمضان گاذر مقامی صحافی عمر فاروق کا بھانجا اور دو بچوں کا باپ تھا۔ پولیس تھانہ گیلےوال ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔