سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی (SWMC) کے 4500 ملازمین کو خصوصی ڈیوٹی پر تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام مقامی حکام اور متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے دنوں میں صفائی کے عمل میں کوئی خلل نہ آئے۔

ڈی سی صبا اصغر علی کے مطابق، ضلع بھر میں 25 عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں آلائشیں جمع کی جائیں گی۔ 1100 سالڈ ویسٹ کمپنی کی گاڑیاں اس مہم میں حصہ لیں گی جبکہ اضافی طور پر 600 گاڑیاں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ عید کے دنوں میں ڈور ٹو ڈور کلیکشن کا نظام فعال ہوگا تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ساڑھے چار لاکھ ویسٹ بیگز شہریوں میں مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں ان ویسٹ بیگز میں ڈال کر مقررہ عملے کے حوالے کریں تاکہ شہر میں گندگی اور تعفن سے بچا جا سکے۔

سری پائے جلانے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی سی سیالکوٹ نے مزید بتایا کہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے 1139 ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال رہے گی اور شہریوں کی شکایات روزانہ کی بنیاد پر نمٹائی جائیں گی۔ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صفائی آپریشن کی خود نگرانی کریں گے تاکہ کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

Shares: