تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگارمنصور بلوچ)تنگوانی کے نواحی علاقے جمال میں واقع گاؤں کریم چولیانی میں پرانی کاروکاری کے جھگڑے پر چولیانی برادری کے دو فریقین کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے دوران دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان قربان علی چولیانی موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

واقعہ کرم پور تھانے کی حدود میں پیش آیا، تاہم اطلاع کے باوجود اب تک پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تصادم روکنے یا فریقین کے درمیان فائرنگ بند کرانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی شہریوں اور رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لایا جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

Shares: