اوچ شریف( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)عیدالاضحیٰ کے موقع پر تھانہ اوچ شریف کے ایس ایچ اوسجاد حسین سندھو اور تھانہ دھوڑکوٹ کےایس ایچ او سجاد حسین لغاری نے مشترکہ پریس بیان میں شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ خوشیوں کے اس موقع پر نوجوان ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی کھیل سے مکمل گریز کریں۔
پولیس افسران نے خبردار کیا کہ ون ویلنگ نہ صرف خود نوجوانوں کی زندگی کے لیے خطرہ ہے بلکہ سڑکوں پر چلنے والے دیگر راہگیروں کی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسے جان لیوا مشاغل سے روکیں۔
پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ عید کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے سخت نگرانی کی جائے گی، اور ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ افسران نے واضح کیا کہ قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
آخر میں پولیس نے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشی، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے، لہٰذا قانون کی پاسداری کرتے ہوئے سب کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔