اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) دربار عالیہ حضرت محبوب سبحانی کے سجادہ نشین مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی اور دربار حضرت جلال الدین سرخ پوش کے سجادہ نشین مخدوم سید زمرد حسن بخاری نے مشترکہ بیان میں ذوالحجہ کے بابرکت مہینے میں قربانی کو ریاکاری سے پاک کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی صرف رسم یا نمائش نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لیے خالص عبادت ہے۔ دکھاوے سے اس کی روح ختم ہو جاتی ہے۔ یہ عبادت ایثار، خلوص اور وفا کا مظہر ہے جس کا نعم البدل کوئی عمل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر غریبوں اور مستحق افراد کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ یہی قربانی کا اصل پیغام ہے۔ اگر ہم خلوص نیت سے یہ عمل انجام دیں تو اللہ کا قرب حاصل کر کے معاشرے میں امن و بھائی چارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے وقت خلوص کو مقدم رکھیں اور دکھاوے سے گریز کریں تاکہ یہ عمل اللہ کی بارگاہ میں مقبول ہو۔